پتور16؍اکتوبر (ایس او نیوز)ضلع جنوبی کینرا کے پتور میں نامعلوم شخص کی طرف سے پتور میں ایک شخص کے مکان کو دھماکے سے اڑاکر گھر کے افراد کو جان سے مارنے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کبکا کے قریب پولیا نامی مقام پر گھر کو بارود سے اڑانے کی کوشش کایہ واقعہ پیش آیا جس میں نارائن پرساد اور ان کی بیوی شالینی زخمی ہوگئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ شالینی کے پیروں میں بہت ہی سنگین زخم آئے ہیں۔زخمی میاں اور بیوی کو منگلورو کے اے جے اسپتال میں علاج کے لئے داخل کیا گیا ہے۔ دھماکہ کرنے کے بعد ملزم موقع پر سے فرار ہوگیا ہے۔
بتایاجاتا ہے کہ پتور پولیس اسٹیشن کے افسران نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیااورنامعلوم افراد کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔ تحقیقات اور تلاشی کے دوران گھر کے باہر اطراف میں چٹانوں کو توڑنے کے لئے استعمال کی جانے والی جیلاٹن اسٹکس(ڈائنامائٹ) دستیاب ہوئے ہیں۔